امریکا: عراق کی تعمیر نو کیلئے مختص8.7 بلین ڈالرز کی ر قم کاریکارڈ غائب
واشنگٹن............. امریکی آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پینٹاگون کو عراق کی تعمیر نو کے لیے فراہم کی گئی 8.7 بلین ڈالرز کی خطیر رقم کا کوئی رکارڈ موجود نہیں ہے۔امریکی آڈٹ رپورٹ کے مطابق عراقی عوام کی فلاح وبہبود اور تعمیرنوکے لیے پینٹاگون کو 2004 میں9.1 بلین ڈالرز کی خطیر رقم فراہم کی گئی تھی مگر پینٹاگون کے پاس اس میں سے8.7 بلین ڈالرز کا رکارڈموجود نہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پینٹاگون کویہ رقم عراقی تیل وگیس کے ریونیو سمیت دیگرفنڈز اورسابق عراقی صدر صدام حسین کے منجمد کیے گئے اثاثہ جات سے فراہم کی گئی تھی۔ لیکن ڈیفنس ایجنسی نے رقم خرچ کرنے کے لیے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی نہ ہی ٹریژری اکاؤنٹ بنایا گیا۔امکان ہے کہ یہ رقم امریکی بیس میں جمع کرائی گئی ہوگی تاہم مناسب طریقے سے اس کا حساب کتاب نہیں رکھا گیا۔امریکی آرمی کور آف انجینئرنگ اور سینٹرل کمانڈ میں آڈٹ رپورٹ پر اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔