کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، 2 افراد جاں بحق، ایک شدید زخمی
کراچی ............ سہراب گوٹھ ایدھی ہوم کے قریب شب برات کی مقدس رات میں ٹارگٹ کلنگ کی واردات میں مسلح ملزمان نے ہوٹل پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں2افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ایک گاڑی کو نذر آتش کردیا اور پتھراوٴ کرکے متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے ہنگامہ آرائی کے دوران پتھر لگنے سے ایس ایچ او زخمی ہوگیا پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایف بی انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود سہراب گوٹھ شان آرکیڈ کے قریب واقع کوئٹہ ہوٹل پر موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے اصغر محسود ولد عبدالکلام موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ ابوبکر محسود ولد غلام کرامت اور حسن علی شدید زخمی ہوگئے فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور دکانیں بند ہوگئیں ہلاک و زخمی ہونے والے افراد کو گلشن اقبال کے نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں زخمی ہونے والا ابوبکر بھی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا دوافراد کی ہلاکت کی اطلاع پر علاقے میں کشیدگی پھیل گئی مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے اور ہنگامہ آرائی شروع کردی مشتعل افراد نے سہراب گوٹھ سے شفیق موڑ جانے والی سڑک پر پتھراوٴ کرکے متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے اور شدید ہوائی فائرنگ کی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہنگامہ آرائی کے باعث ٹریفک جام ہوگیا اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا ہنگامہ آرائی کے دوران پتھر لگنے سے ایس ایچ او ایف بی ایریا جاوید یوسف زئی شدید زخمی ہوگئے جنھیں ایس ایچ او گلبرگ نے اسپتال پہنچایا پولیس کے مطابق ہنگامہ آرائی کے دوران مشتعل افراد نے ایک گاڑی کو نذر آتش کردیا جلاوٴ گھیراوٴ اور فائرنگ کی اطلاع پر پولیس و رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور صورتحال پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی۔