پاکستان نے امریکی افواج کے 4 سو ارکان کو ویزے جاری کر دیئے
لاہور ........... پاکستان اور امریکہ کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان ویزوں کے اجراء کا معاملہ طے ہو گیا ہے جس کے فوراً بعد امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے نے امریکی مسلح افواج کے چار سو ارکان کو ایک سال کے ویزے جاری کر دیئے ہیں۔ گزشتہ چند ماہ سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان سرکاری افراد کو ویزے جاری کرنے کا معاملہ تنازع کی صورت اختیار کر گیا تھا جب پاکستان نے بلیک واٹر کی پاکستان میں موجودگی کی خبروں کے بعد امریکی سرکاری عہدیداروں کو ویزوں کے اجرا کی رفتار سست کر دی تھی جس کے بعد امریکہ نے بھی پاکستانی سفارتی عملے اور بعض دیگر افسران کو کئی ماہ گزر جانے کے باوجود ویزے جاری نہیں کئے۔ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے ترجمان رچرڈ سنیلسائر نے اس امر کی تصدیق کی کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان ویزوں سے متعلق بہت سے مسائل حل ہو گئے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ یہ تنازع حتمی طور پر حل ہو سکا ہے۔