کراچی: ٹارگٹ کلنگ میں شدت، دہشت کا راج ،مزید 8 ہلاک، سخت کشیدگی، شہر میں سناٹا
کراچی ............. شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں شدت آگئی اور ہفتے کو مسلح ملزمان نے مزید 8 افراد کو ہلاک 19 کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے ، ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں 5روز کے دوران ہلا ک ہونے والے افراد کی تعداد 35ہوگئی ہے،فائرنگ کے واقعات سے شہر کے مختلف علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی شہر کے بازاروں اور سڑکوں پر دہشت اورسناٹے کا راج رہا متعدد علاقوں میں دکانیں و کاروبار بند رہا،نامعلوم شرپسندوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں 3گاڑیاں جلادیں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کسی گڑ بڑ سے نمٹنے کے لیے متاثرہ علاقوں میں تعینات کر دی گئی اور شہرکے مختلف مقامات پر سخت اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاوٴن تھانے کی حدود خان محمد گوٹھ ناردرن بائی پاس خدا کی بستی میں واقع الجزائر اسٹیٹ ایجنسی کے اندر مسلح ملزمان نے گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اسٹیٹ ایجنسی میں موجود 30سالہ بادشاہ خان عرف پاشا ولد لقمان حکیم اور 25سالہ عرفات عرف یاسر ولد فضل مولا گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ دکان کے اندر نماز پڑھنے والا اسٹیٹ ایجنسی کا مالک اکبر ولد عبدالله شدید زخمی ہوگیا ملزمان موقع سے پیدل ہی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، فائرنگ کے واقعے کے بعد نامعلوم شر پسندوں نے سرجانی ٹاوٴن میں ایک مسافر کوچ نمبر JE-9284کو مسافروں سے خالی کرا کر جلا دیا واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی اور خوف و ہراس پھیل گیا پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی، بلال کالونی تھانے کی حدود نیو کراچی سیکٹر فائیو ای اپوا اسکول کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے موچی کی دکان پر فائرنگ کرکے دکان پر موجود موچی25سالہ سعید خان ولد تازہ خان کو ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے فائرنگ سے علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر مقتول موچی کی لاش کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا، سرجانی ٹاوٴن تھانے کی حدود تیسر ٹاوٴن سیکٹر50-Cزم زم ہوٹل کے باہر فٹ پاتھ پر بیٹھے ہوئے افراد پر موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 22سالہ جہانگیر ولد انصر جاں بحق ہوگیا، مطابق سمن آباد تھانے کی حدود فیڈرل بی ایریا بلاک17میں کوئٹہ سادات ہوٹل پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ہوٹل کا ملازم بشیر خان جاں بحق اور جیلانی خان زخمی ہوگیا فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا اور دکانیں بند ہوگئیں ہلاک و زخمی ہونے والوں کو اسپتال لے جایا گیا، بغدادی تھانے کی حدود لیاری کھڈہ مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے واجد ہلاک اور فیصل زخمی ہوگیا جنھیں سول اسپتال لایا گیا، شارع نورجہاں تھانے کی حدود قلندریہ چوک پر نامعلوم مسلح ملزمان نے منی بس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تاج رحمان ولد غلام ربانی جاں بحق اور3افراد زخمی ہوگئے ہلاک و زخمی ہونے والوں کو عباسی شہید اسپتال لایا گیا مقتول نصرت بھٹو کالونی کا رہائشی تھا اور مزدور تھا، بلدیہ ٹاوٴن تھانے کی حدود نورانی محلہ نور اسلام مسجد کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے 28سالہ عبدالمالک کو ہلاک کردیا جس کی لاش سول اسپتال لائی گئی، تیموریہ تھانے کی حدود کے بی آر سوسائٹی میں فائرنگ سے پیپلز پارٹی کا کارکن اکبر بزنجو زخمی ہوگیا۔ پی آئی بی کالونی کے علاقے مینا بازار میں عذرا جمیل میڈیکل اسٹور پر موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں میڈیکل اسٹور کا مالک کاشف اور اس کا دوست ندیم شدید زخمی ہوگئے زخمیوں کو نجی اسپتال لے جایا گیا ۔کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود شاہ فیصل کالونی نمبر5ملیر ندی کے اندر ٹرک پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ٹرک پر سوار فدا حسین، وسیم اور شیر بہادر زخمی ہوگئے جنھیں جناح اسپتال لایا گیا، بلدیہ ٹاوٴن تھانے کی حدود سعید آباد مہاجر کیمپ ماما ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان نے مسافر کوچ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کوچ کا ڈرائیور نثار، کلینر عمر امین اور مسافر منور، وسیم اور ایک خاتون نسرین زخمی ہوگئی زخمیوں کو سول اسپتال لایا گیا ، آرام باغ تھانے کی حدود کاغذ بازار کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی کا کارکن سلیم ولد میر عالم زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال لایا گیا، سعید آباد تھانے کی حدود بلدیہ نمبر4 نیا آباد جنگل اسکول کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے طیب ولد رب نواز زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال لایا گیا، شریف آباد تھانے کی حدود میں فائرنگ سے ناصر ولد نصیب زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال پہنچایا، ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی ہلاکت کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں حالات کشیدہ رہے دکانیں و کاروباری مراکز بند رہے شہر کے مرکزی بازار سنسان پڑے رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم تھا ناظم آباد کے علاقے میں نامعلوم شرپسندوں نے انڈر بائی پاس کے قریب منی بس نمبرJE-8503کو نذر آتش کردیا، مبینہ ٹاوٴن تھانے کی حدود ابوالحسن اصفہانی روڈ پر نامعلوم شرپسندوں نے منی بس کو نذر آتش کردیا، مبینہ ٹاوٴن تھانے کی حدود محکمہ موسمیات کے قریب نامعلوم شرپسندوں نے شیراز کوچ کو نذر آتش کردیا اور فرار ہوگئے، شہر کے کشیدہ حالات کے پیش نظر پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے شہر بھر میں اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ بھی سخت کردیا گیا ہے۔