اورکزئی : سیکورٹی فورسز کی کارروائی، 45 جنگجو ہلاک، کرم میں 5 عسکریت پسند مارے گئے
کلائیہ / پشاور ........... اپر اورکزئی ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 45 جنگجو ہلاک اور 28 زخمی ہوگئے جبکہ فورسز نے غلجو اور زختان کا کنٹرول سنبھال لیا۔ کرم ایجنسی میں قبائلیوں سے جھڑپ میں 5 شدت پسند مارے گئے۔ دوسری جانب لکی مروت میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران شدت پسند کمانڈر سمیت 59 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ادھر پشاور میں عسکریت پسندوں نے شیخ محمدی گرڈ اسٹیشن اور آرمی ویلفیئر ہاؤسنگ کالونی میں 3 راکٹ فائر کئے جن کے پھٹنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایف آر کوہاٹ سے 12 دن قبل اغوا ہونیوالے 30 سالہ محب اللہ کی لاش ملی ہے، لاش کے ساتھ ملنے والے خط میں پشتو زبان میں تحریر کیا گیا ہے کہ امریکا کیلئے جاسوسی کرنے والوں کا ایسا ہی انجام ہوگا۔ مقامی لوگوں کے مطابق محب اللہ کو تحریک طالبان پاکستان نے قتل کیا ہے۔