گلگت بلتستان کی گورنر مقامی خاتون ہونگی‘ قمر زمان کائرہ
گلگت.. .قائم مقام گورنر گلگت بلتستان اور وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی گورنر مقامی خاتون ہونگی۔ گزشتہ روز یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عطا آباد کے لینڈ سلائیڈنگ متاثرین کے زرعی و ہاؤس بلڈنگ کے قرضے معاف کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ شاہراہ قراقرم کی بحالی اور ڈیم کو توڑنے کا کام شروع کردیا گیا اور متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ سوست میں پھنسے ہوئے افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکالا جارہا ہے۔ وزیراعطم نے جتنے بھی اعلانات کئے ہیں ان پر عمل ہوگا۔ گلگت بلتستان کابینہ کا کام اور گورنر کی تعیناتی اگلے چند روز میں کی جارہی ہے۔ جے یو آئی کی جانب سے خاتون گورنر کی مخالفت غلط ہے۔