امریکی عدالت نے عافیہ صدیقی کو سزا سنائی تو ملک بھر میں احتجاج کرینگے، منورحسن
لاہور.... امیر جماعت اسلامی پاکستان سیّد منوّر حسن نے حکومت پاکستان کو متنبہ کیا ہے کہ ڈاکٹرعافیہ کوامریکا کی جانب سے سزاسنائے جانے کی صورت میں ملک بھر میں وسیع پیمانے پر احتجاج کیاجائے گا، قوم کا فرض بنتاہے کہ وہ اسلام اورپاکستان کی بیٹی کی حمایت میں سڑکوں پر آئے۔منصورہ سے جاری اپنے بیان میں سیّد منوّرحسن نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق امریکی عدالت11جنوری کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو سزاسنانے جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کو مسلمان اور پاکستانی ہونے کی سزا دی جارہی ہے۔ عافیہ قوم کی بیٹی ہے لیکن حکومت نے اس کے مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دی ہے اور اس کی رہائی اور وطن واپسی کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔سید منوّرحسن نے کہا کہ حکومت امریکہ کی غلام بنی ہوئی ہے، ملک کو امریکی جنگ کی آگ میں جھونک دیا گیاہے۔صدر اور وزیراعظم تیسرے درجے کے امریکی اہلکاروں کی جی حضوری میں لگے رہتے ہیں اوران کے ہر کہے پر عمل کرتے ہیں۔